آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصلاحات پر مسلسل عملدرآمد سے معاشی نمو میں تیزی لانے اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے میں مدد مل سکتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کے اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد سے پاکستان میں معاشی استحکام بہتر ہوا ہے، جبکہ مالیاتی نظم و ضبط، بیرونی مالیاتی ذخائر اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی بہتری آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے قومی ٹیرف نظام، ملکی محصولات میں اضافے اور نجکاری میں پیش رفت حکومت کی اصلاحاتی کوششوں کا حصہ ہیں۔ پاکستان نے عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی بھی حاصل کرلی ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے اقتصادی پروگرام کے چوتھے جائزے پر مذاکرات شروع کردیئے ہیں، جبکہ 1.4 ارب ڈالر کے کلائمیٹ ریزیلنس پروگرام کے تیسرے جائزے پر بھی بات چیت کا آغاز ہوگیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں جائزوں کی کامیاب تکمیل سے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان نیویارک میں ملاقات بھی ہوئی، جس میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام اور اس پر عملدرآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے تعاون سے جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔