موسمیاتی وعدوں کو عوامی نتائج میں تبدیل کرنا ہوگا: وزیر خزانہ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ موسمیاتی اہداف اور وعدوں کو عوام اور کمیونٹیز کے لیے ٹھوس اور عملی نتائج میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔

نیویارک میں کلائمیٹ امپلیمنٹیشن برج (BRIDGE) کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے مؤثر موسمیاتی اقدامات کے لیے تین بنیادی تقاضوں، مضبوط پالیسی فریم ورک، مالی وسائل تک رسائی اور ملکی سطح پر منصوبوں کو عملی شکل دینے کی صلاحیت کو اہم قرار دیا۔

محمد اورنگزیب نے موسمیاتی پالیسی کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت اور ملکی وسائل، بین الاقوامی مالیاتی اداروں، کیپٹل مارکیٹس اور موسمیاتی فنڈز کے ذریعے مالی وسائل متحرک کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی تقسیم اور سرمایہ کاری کے قابل اور مالی معاونت حاصل کرنے والے منصوبوں کی کمی مؤثر عملدرآمد کی راہ میں بدستور بڑی رکاوٹ ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر معاونت کے وعدوں کے باوجود مناسب منصوبوں کی عدم موجودگی کے باعث بعض مالی وسائل کو استعمال نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے BRIDGE میں پاکستان کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے شراکت داروں پر زور دیا کہ ایسے عملی فیصلوں پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے جو اس اقدام کو محض مکالمے تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کی جانب لے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US