اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیئے گئے ہیں، جبکہ شہر اقتدار گزشتہ ایک ہفتے سے مختلف مقامات پر رکھے گئے کنٹینرز کے باعث محصور ہو کر رہ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی پولیس نے سیکیورٹی انتظامات اور اضافی اخراجات کی مد میں وزارت داخلہ سے ایک ارب روپے کے اضافی فنڈز طلب کرلیے ہیں۔ طلب کردہ رقم کنٹینرز کے کرائے، پولیس اہلکاروں کی رہائش و کھانے، ریت کی بوریوں، آنسو گیس اور دیگر سیکیورٹی آلات و سامان کی خریداری اور انتظامات پر خرچ کی جائے گی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ممکنہ احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ پولیس نے فیض آباد کے مسافرخانے، بس اڈے، دکانوں اور ہوٹلز کو رات تک بند رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کی جانب سے حساس مقامات اور اہم داخلی و خارجی راستوں پر بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ صورتحال کے پیش نظر مزید انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔