سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کم، ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں، عطاء اللہ تارڑ

image

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت اور تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھی دہشت گردوں کے ساتھ ہاتھ ملائے ہوئے ہیں۔

اپنے بیان میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کم اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر زیادہ لگتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں ٹمبر اور تمباکو کی غیر قانونی تجارت جاری ہے، جبکہ صوبے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی میں بھی سیاسی شخصیات کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ان کے مطابق غیر قانونی مائننگ اور ٹھیکوں کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کرنا چاہتی۔ جو صوبائی حکومت دہشت گردی کو روکنے کے لیے تیار نہ ہو اور بے گناہ شہریوں کا خون بہتا رہے، اسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ڈرون آئے تو یہ لوگ بھاگ گئے، جبکہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ ہنگو میں زخمی ہونے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم بزدل نہیں ہیں، ہمیں صحت یاب ہونے دیں، ہم دہشت گردوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے شہری، جوان اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح متحرک ہیں، جبکہ دہشت گردی کی جنگ میں پوری قوم قربانیاں دے رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سہیل آفریدی اور ان کے ساتھی دہشت گردوں کے ساتھ ہاتھ ملائے ہوئے ہیں۔ صوبائی حکومت دہشت گردوں کی سہولت کاری سے باز رہے۔

انہوں نے تحریک انصاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے اور ملک کی سالمیت کے لیے کام کرے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US