بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 33 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

image

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں میں 33 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر سے بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف جامع انسداد دہشتگردی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں اب تک 33 دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 ستمبر کو آپریشن شبان کے تسلسل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے مزید ٹھکانوں کا سراغ لگا کر کارروائی کی، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 5 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج ہلاک ہوئے، جس کے بعد آپریشن شبان میں ہلاک خوارج کی تعداد 22 ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاع پر ایک اور آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک میں غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US