این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب: پولنگ کا عمل جاری، سخت سیکیورٹی انتظامات

image

بہاولپور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک کے لیے شروع ہوگیا ہے۔

اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 83 ہزار 143 ہے، جبکہ انتخاب کے انعقاد کے لیے 292 پولنگ اسٹیشنز اور 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 16 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

یہ نشست ملک اقبال چنڑ کی وفات کی وجہ سے خالی ہوئی تھی، جس پر کل 20 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن میں بنیادی مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان متوقع ہے۔

ملک منیر اقبال چنڑ کو مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل ہے، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کو ان کے والد رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ کی حمایت حاصل ہے۔

پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ 3,022 پولیس افسران اور جوان بھی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US