بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 71 دہشت گرد ہلاک

image

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران مختلف آپریشنز کے دوران 71 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر کو ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان، زیارت اور گردونواح میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن شروع کیا گیا، جس میں متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 33 دہشت گرد ہلاک کیے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں میں کارروائیوں میں شدت لائی گئی، جس کے نتیجے میں مزید 23 دہشت گرد مارے گئے اور علاقے کو کلیئر کرایا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں کی گئی ایک الگ کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ منڈ کے علاقے میں ایک اور کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ "عزمِ استحکام" وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور سکیورٹی فورسز ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US