صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ درست اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی باخبر جمہوریت کے لیے نہایت اہم ہے، حکومت ہر شہری کے معلومات تک رسائی کے آئینی حق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
معلومات تک رسائی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت اور دیگر ٹیکنالوجیز کے تیزی سے فروغ پذیر ماحول میں درست اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی پہلے سے زیادہ اہم ہو گئی ہے، تاہم یہ ایک مشکل چیلنج بھی بن چکا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ موجودہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ متعلقہ اداروں، صحافیوں، میڈیا اداروں، شعبہ ابلاغ کے ماہرین، محققین اور دیگر ماہرین کے کردار پر زیادہ توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان معلومات تک رسائی کے حق کے لیے واضح بنیاد فراہم کرتا ہے، جبکہ 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آزادی اظہار کے آئینی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا گیا اور آرٹیکل 19 اے شامل کیا گیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ یہ چیلنج بھی درپیش ہے کہ شہری قابل اعتماد معلومات اور ایسے مواد میں فرق کرسکیں جو جھوٹا، تحریف شدہ یا دانستہ طور پر گمراہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہو۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ تیزی سے بدلتے اطلاعاتی ماحول میں ردعمل ایسا ہونا چاہیے جس سے شہریوں کے معلومات جاننے کے حق کا تحفظ ہو، جبکہ تجارتی بنیادوں پر پھیلائی جانے والی غلط اور گمراہ کن اطلاعات کے خلاف اقدامات جائز عوامی مفاد کی صحافت، منصفانہ تنقید اور بامعنی عوامی مباحثے کو دبانے کا ذریعہ نہ بنیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ شہریوں کو قابل اعتماد ذرائع سے مستند معلومات حاصل کرنے کے قابل ہونا چاہیے تاکہ وہ باخبر فیصلے کرسکیں۔