امریکی افغانستان وار کمیشن کے وفد نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی افغانستان وار کمیشن کے شریک چیئرز شمائلہ این چودھری اور ڈاکٹر کولن ایف جیکسن کی قیادت میں وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان کی جانب سے تعاون، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وفد افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے تنازع کے دوران سیکیورٹی صورتحال کو تشکیل دینے والے عوامل کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تنازع کے اسٹریٹجک، سفارتی اور آپریشنل پہلوؤں کا جائزہ لیتے وقت علاقائی تناظر اور پاکستان کے تجربات کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان میں تنازع کے دوران پاکستان کے طویل مدتی کردار اور قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل خدمات کو سراہا۔