فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع سے متعلق میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے خط کو جعلی قرار دے دیا۔
ایف بی آر کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے متعلق گردش کرنے والی غیرمصدقہ اطلاعات یا دستاویزات پر انحصار نہ کیا جائے۔
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس گوشواروں کی تاریخ، ممکنہ توسیع یا کسی بھی دیگر اہم ٹیکس معاملے سے متعلق معلومات صرف ادارے کے مستند اور سرکاری ذرائع سے حاصل کی جائیں۔
ٹیکس اتھارٹی کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری ہونے والے کسی بھی سرکاری نوٹیفکیشن، سرکلر یا ہدایت کی تصدیق باضابطہ ذرائع سے کی جائے، جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور غیرمصدقہ دستاویزات پر اعتماد نہ کیا جائے۔