عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے نفاذ کو غیر جمہوری عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے نام پر عوام کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حقوق سلب نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس قسم کے اقدام سے صوبے کے حالات مزید خرابی کی طرف جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کو موجودہ صورتحال تک پہنچانے والی پالیسیوں اور ذمہ داروں کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہیے اور سزا ان افراد کو ملنی چاہیے جنہوں نے گزشتہ 13 سال سے اس ٹولے کو صوبے پر مسلط رکھا۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم عوام کے تحفظ میں ناکامی پر کسی بھی فریق کو بری الذمہ نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی صرف خیبر پختونخوا تک محدود نہیں تھی بلکہ یہ پورا ملک میں کی گئی تھی۔