حکومت اور پیپلز پارٹی کا مشترکہ وفد آج پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گا

image

حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر پاکستان تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے مشترکہ وفد تشکیل دے دیا ہے۔ وفد آج پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا۔

مشترکہ وفد میں وفاقی حکومت کی جانب سے وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور امیر مقام جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، سید نوید قمر اور اعجاز جکھرانی شامل ہیں۔

مذاکرات کا فیصلہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے دہشت گردی کے خلاف قومی عزم مزید مضبوط بنانے اور ملک میں امن و استحکام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ملاقات کا پیغام موصول ہوا ہے اور حکومتی و اپوزیشن وفود کے درمیان ملاقات آج دوپہر 12 بجے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

بیرسٹر گوہر نے گورنر راج یا ایمرجنسی کے ممکنہ نفاذ کے حوالے سے کہا کہ اگر ایسا اقدام کیا گیا تو ان کے بقول حالات مزید خراب ہوں گے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال قومی اسمبلی سے استعفوں کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US