شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 7 خوارج ہلاک

image

شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 7 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور کارروائی کے نتیجے میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی حکمت عملی کے ذریعے خوارج کا تعاقب کیا اور ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے سے علاقے میں ان کے لیے گنجائش مزید محدود ہوئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں خوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ 7 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کرنے والے وطن کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں جبکہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US