حکومت، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی صورتحال پر مذاکرات کا پہلا دور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت مکمل ہوگیا۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں حکومتی وفد، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن اراکین نے اپنے اپنے مؤقف سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا جبکہ مختلف معاملات پر تحمل کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فریقین نے قومی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت، پیپلز پارٹی اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں کردار ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق مذاکرات کا دوسرا دور کل دوپہر 2 بجے اسپیکر چیمبر میں ہوگا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا امیر مقام، رانا ثناء اللہ، محسن نقوی، طلال چوہدری اور طارق فضل چوہدری، پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز حسین جاکھرانی شریک ہوئے۔
اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر خان، راجہ ناصر عباس، ملک عامر ڈوگر، سابق اسپیکر اسد قیصر اور سلمان اکرم راجہ نے اجلاس میں شرکت کی۔