جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے نائب صدر/ ڈپٹی جنرل سیکریٹری محمد نسیم نے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع میمن پلازہ اور اطراف کی آبادیوں میں واٹر بورڈ کی سپلائی لائن متاثر ہونے کے باعث شدید پانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ایم ڈی واٹر بورڈ، میئر کراچی، متعلقہ یوسی چیئرمین اور ڈی سی آفس کو تحریری درخواستیں جمع کرائے 10 روز گزر چکے ہیں لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
محمد نسیم نے کہا کہ پانی شہریوں کا بنیادی حق ہے اور متاثرہ عوام کو مزید اذیت میں نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واٹر بورڈ کی سپلائی فوراً بحال کی جائے، بصورت دیگر رواں ہفتے مسئلہ حل نہ ہونے پر متاثرہ شہری پرامن اور قانونی احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
قبل ازیں کچھی میمن جماعت خانہ گاڑی کھاتہ میں منعقدہ کھلی کچہری میں صدر ٹاؤن یوسی 8 کے رہائشیوں نے پانی کی قلت، سیوریج سمیت دیگر بنیادی مسائل سے متعلق شکایات کے انبار لگا دیئے۔
صوبائی محتسب سندھ کے افسران نے شہریوں کے مسائل سنے اور تحریری درخواستیں وصول کیں جبکہ چند شکایات پر متعلقہ اداروں کو موقع پر ہی احکامات بھی جاری کیے۔
کھلی کچہری میں واٹر بورڈ عملے کے خلاف شکایات کرتے ہوئے کہا گیا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر ہائی رائز بلڈنگ کو مبینہ طور پر لاکھوں روپے کے عوض پانی کے کنکشنز دینے کی وجہ سے قریب واقع رہائشی عمارتوں اور آبادی کا پانی بند ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ میمن پلازہ کے قریب واقع آبادی کی مساجد میں وضو تک کے لیے میٹھا پانی دستیاب نہیں اور لوگ نمکین پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس کے باعث کئی لوگ جلدی امراض اور آنکھوں کی بیماریوں کا شکار ہوچکے ہیں۔