سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ گورندر اور ماشکیل کے علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 6 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماشکیل میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔