وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تین پاکستانی شہریوں کے اہلخانہ کے لیے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے فی خاندان مالی معاونت کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم نے جاں بحق پاکستانی شہری کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تینوں جاں بحق پاکستانیوں کے بچوں کے لیے مفت تعلیم، صحت کی سہولیات اور رہائش فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
شہباز شریف نے وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کاشف عمر سمیت جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے اہلخانہ سے براہِ راست رابطے میں رہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔