پاکستان نے بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کی جانب سے دو پاکستانی شہریوں کے قتل پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی چارج ڈی افیئرز کو آج وزارت خارجہ طلب کیا گیا اور 2 اکتوبر 2026 کو بین الاقوامی سرحد پر بدیان سیکٹر میں بی ایس ایف اہلکاروں کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق بی ایس ایف اہلکاروں نے نہتے شہریوں کے خلاف بلااشتعال مہلک طاقت کا استعمال کیا، جو مکمل طور پر بلاجواز اور غیر متناسب تھا۔ پاکستان نے جاں بحق شہریوں کو ’’درانداز‘‘ قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کر دیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی اقدام بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس واقعے نے بین الاقوامی قانون کے تحت شہریوں کے تحفظ سے متعلق بھی سنگین خدشات پیدا کیے ہیں۔
بھارتی حکام پر زور دیا گیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف مناسب محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور تحقیقات کے نتائج و کارروائی سے حکومت پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے۔
پاکستان نے بھارت سے بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنانے، متعلقہ دوطرفہ معاہدوں اور سرحدی طریقہ کار کی سختی سے پابندی، ایسے واقعات سے نمٹنے میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔