گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی صورتحال قابو سے باہر ہوئی تو ایمرجنسی کے نفاذ پر غور کیا جاسکتا ہے، صوبہ بچانے کے لیے اگر ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے۔
ایک انٹرویو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کی صورتحال کے پیش نظر صدر، وزیراعظم اور متعلقہ ادارے سمجھیں تو ایمرجنسی لگانے کی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی نافذ ہوئی تو وہ پی ٹی آئی کے لیے اکیلے ہی کافی ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پشاور میں کیا ہو رہا ہے؟ کوئی کارنر میٹنگ یا بینر نظر نہیں آیا، لانگ مارچ کے نام پر صرف خود ساختہ گرفتاریاں اور روپوشیاں دیکھنے میں آئیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے صوابی کراس کرکے دکھائے، ان کے پاس کوئی واضح منصوبہ بندی نہیں، وہ چاہتے ہیں کہ مارچ میں ایک ماہ لگ جائے لیکن صوابی نہ پہنچیں۔