بریسٹ کینسر سے آگاہی اور مریضوں کی مالی معاونت کے لیے کراچی میں ’’بائیک اے کاز‘‘ سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے سندھی مسلم سے جناح ہسپتال تک سائیکلنگ کی۔
منتظمین کے مطابق ریس کا مقصد بریسٹ کینسر کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ بیماری سے متاثرہ مریضوں کے علاج میں معاونت کرنا تھا۔
ریس کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سائیکلسٹس میں انعامات اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر منتظم یوسف حسین نے کہا کہ ’’بائیک اے کاز‘‘ کا بنیادی مقصد بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانا اور مریضوں کی مدد کے لیے معاشرے میں اجتماعی احساس اجاگر کرنا ہے۔
یوسف حسین کا کہنا تھا کہ گھر کے کسی فرد کو بریسٹ کینسر لاحق ہونے کی صورت میں اس کے اثرات پورے خاندان پر مرتب ہوتے ہیں، اس لیے بیماری سے متعلق آگاہی، بروقت تشخیص اور مریضوں کی معاونت کے لیے معاشرے کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔