جی سیون ممالک نے عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں اور اتار چڑھاؤ پر قابو پانے کے لیے آئندہ چار ماہ کے دوران ہنگامی ذخائر سے 10 کروڑ بیرل تیل مارکیٹ میں لانے پر اتفاق کرلیا۔
جی سیون کے ورچوئل اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق تیل کے ذخائر مرحلہ وار مارکیٹ میں لائے جائیں گے، ابتدائی 20 روز میں ڈیزل کے ذخائر جاری کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر مزید ڈیزل مارکیٹ میں لانے پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ عالمی توانائی ایجنسی کے فریم ورک کے تحت آئندہ دنوں میں اجلاس ہوگا۔
جی سیون ممالک نے توانائی مصنوعات کی برآمد پر پابندیوں سے گریز کرنے اور تیل پیدا کرنے والے ممالک پر بھی عالمی منڈی میں کشیدگی بڑھانے والے اقدامات سے اجتناب پر زور دیا۔
اجلاس میں ریفائنریوں کے مرمتی شیڈول میں باہمی رابطے بڑھانے اور پیداواری صلاحیت زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔