فیول ریلیف پیکیج حل نہیں، پیٹرولیم لیوی ختم کی جائے، حافظ نعیم الرحمن

image

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دیا گیا فیول ریلیف پیکیج مستقل حل نہیں، پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کی جائے اور وزیراعظم شہباز شریف اپنا وعدہ پورا کریں، بصورت دیگر جماعت اسلامی ملتان سے دوبارہ کسی بھی وقت احتجاجی تحریک شروع کرسکتی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا روانگی سے قبل ان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا تھا اور یقین دہانی کرائی تھی کہ وطن واپسی پر پیٹرولیم مصنوعات کے معاملے کو دیکھیں گے۔ اسی یقین دہانی کے بعد جماعت اسلامی نے کراچی سے شروع ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کیا تھا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت فیول ریلیف پیکیج کو بڑا ریلیف قرار دے رہی ہے، تاہم یہ سہولت بھی تمام شہریوں کو نہیں مل رہی اور صرف 20 سے 25 فیصد افراد اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ موٹر سائیکلیں اور 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں موجود ہیں، اس لیے حکومت کو محدود ریلیف کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خاتمے سمیت مستقل اقدامات کرنے چاہئیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے خبردار کیا کہ وزیراعظم نے اپنا وعدہ پورا نہ کیا تو جماعت اسلامی دوبارہ احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US