پاکستانی شہری 'ڈیجیٹل شناختی کارڈ' کیسے حاصل کریں؟

image

پاکستانی شہری اب اپنا شناختی کارڈ موبائل فون میں ڈیجیٹل شکل میں محفوظ رکھ سکیں گے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ڈیجیٹل شناخت حاصل کرنے کی سہولت فراہم کردی ہے۔

نادرا کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارف کو پاک آئی ڈی ایپ میں اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے لاگ اِن کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ایپ میں موجود "ڈیجیٹل آئی ڈی" کا انتخاب کرکے درخواست دی جاسکتی ہے۔

درخواست صارف کے پہلے سے تصدیق شدہ پروفائل کی بنیاد پر پراسیس ہوگی۔ ضروری مراحل مکمل ہونے کے بعد ڈیجیٹل شناختی کارڈ ایپ کے اندر موجود آئی ڈی والٹ میں دستیاب ہوجائے گا۔

ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے لیے شناخت اور بائیومیٹرک تصدیق ضروری ہوگی۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ موبائل میں موجود شناخت صرف متعلقہ شخص سے منسلک رہے۔

اس نئی سہولت سے شہریوں کے لیے ہر وقت پلاسٹک کا شناختی کارڈ ساتھ رکھنے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے اور ضرورت پڑنے پر موبائل کے ذریعے شناخت پیش کی جاسکے گی۔ تاہم بینکوں، تعلیمی اداروں یا دیگر سرکاری و نجی خدمات میں اس کی قبولیت متعلقہ ادارے کے قواعد پر منحصر ہوگی۔

پاک آئی ڈی ایپ میں دیگر ڈیجیٹل سہولیات بھی شامل کی جارہی ہیں جن میں خاندان کے افراد کی ڈیجیٹل شناخت سے متعلق فیچرز، دستاویزات کی تصدیق کے لیے کیو آر کوڈ اسکیننگ اور حج و عمرہ سے متعلق بائیومیٹرک سہولیات شامل ہیں۔

نادرا کے اس اقدام کا مقصد شناختی خدمات کو مزید آسان اور ڈیجیٹل بنانا ہے تاکہ شہری اپنی ضروری دستاویزات تک موبائل فون کے ذریعے رسائی حاصل کرسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US