سندھ کے وزیر داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار سے چین کے قائم مقام قونصل جنرل مسٹر فینگ دیہینگ (Mr. Feng Deheng) نے ملاقات کی۔
چینی وفد میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریٹو افیئرز مسٹر لی یونگ چیانگ (Mr. Li Yongqiang) اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے، جبکہ ملاقات میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی سی ساؤتھ، ترجمان وزارتِ خارجہ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، دیرینہ دوستی اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی لازوال اور وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے چینی عوام کے لیے سندھ کے عوام کی جانب سے خیرسگالی، محبت اور دوستی کا پیغام پہنچاتے ہوئے کہا کہ چینی شہری ہمارے معزز مہمان اور دوست ہیں جن کی سلامتی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر داخلہ نے صوبے بھر میں مقیم اور کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، کام کی جگہوں اور ترقیاتی منصوبوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے، جبکہ پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے اس سلسلے میں مؤثر کوآرڈینیشن برقرار رکھیں۔
ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے چینی قائم مقام قونصل جنرل اور ان کے وفد کو سندھ کی ثقافت، احترام اور مہمان نوازی کے اظہار کے طور پر روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی کے تحائف پیش کیے۔