جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے 15 اکتوبر کو ملتان میں مفتی محمود کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق ملتان میں ہونے والی کانفرنس عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی اور بدامنی کے خلاف جدوجہد میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی، جبکہ اس کے ذریعے جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت بھی واضح کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان، جنرل سیکریٹری مولانا عبدالغفور حیدری سمیت مرکزی و صوبائی قائدین کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ مولانا فضل الرحمان اپنے خطاب میں حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے آئندہ مرحلے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جے یو آئی قانون کی حکمرانی، شفاف انتخابات اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ترجمان نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ کانفرنس کی تیاریوں کو تیز کرتے ہوئے عوام سے رابطہ مہم چلائیں اور نظم و ضبط کے ساتھ بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔