سائبر فراڈ سے بچاؤ، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی آگاہی واک

image

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے زیر اہتمام شہریوں کو سائبر فراڈ اور آن لائن جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں این سی سی آئی اے افسران و اہلکاروں، سول سوسائٹی اور تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی۔

واک کے دوران شہریوں کو سائبر فراڈ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اپنے پاس ورڈز اور ذاتی معلومات محفوظ رکھیں، کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ حساس ڈیٹا شیئر نہ کریں اور موبائل فون پر موصول ہونے والے مشکوک لنکس یا او ٹی پی کا جواب ہرگز نہ دیں۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں متعلقہ ادارے سے براہ راست رابطہ کیا جائے۔

این سی سی آئی اے حکام نے نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں اور مشکوک کال سینٹرز سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال کیا جائے۔ ملک، افواج پاکستان اور حساس اداروں سے متعلق کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی آن لائن سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کیا جائے۔

آگاہی واک سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر نثار خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر مدثر شاہ نے کہا کہ شہری اپنی جمع پونجی اور ذاتی معلومات کی حفاظت یقینی بنائیں جبکہ والدین بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر نظر رکھیں تاکہ انہیں آن لائن فراڈ اور مختلف قسم کے سائبر ٹریپس سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کی ہدایات پر محفوظ ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے لیے این سی سی آئی اے کو مزید فعال کیا گیا ہے، ادارے کو جدید آلات اور افرادی قوت فراہم کی گئی ہے۔ ڈی جی این سی آئی اے ناصر نقوی کی ہدایات پر سائبر جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

حکام کے مطابق غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جہاں مبینہ طور پر پاکستانی نوجوانوں کو مختلف غیر قانونی آن لائن سرگرمیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران مشکوک سامان اور ڈیٹا بھی قبضے میں لیا جا رہا ہے۔

واک میں انسپکٹر زاہد حسین، سب انسپکٹرز، این سی سی آئی اے کے دیگر افسران و اہلکاروں کے علاوہ سول سوسائٹی اور تاجر برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہریوں پر زور دیا کہ سائبر فراڈ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ و ذمہ دار ڈیجیٹل معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US