مکہ دفاعی اتحاد نے سعودی عرب کی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر ضروری فوجی قوت اور دفاعی صلاحیتیں فوری طور پر سعودی عرب میں تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ریاض میں مکہ دفاعی اتحاد کی اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو مکہ دفاعی اتحاد کا پہلا سیکریٹری جنرل مقرر کیا گیا، ان کی مدت تین سال ہوگی۔
مشترکہ اعلامیے میں مکہ اور مدینہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور سعودی شہروں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی کے خلاف کسی بھی حملے یا دھمکی کو مسترد کردیا گیا۔
اجلاس میں اجتماعی دفاعی وعدوں پر فوری عملی پیش رفت، دفاعی صلاحیتوں اور فوجی انضمام میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے نے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔