ملک بھر میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا بجلی کا شارٹ فال ساڑھے 4 ہزار میگاواٹ سے بڑھنے کے باعث مختلف ڈسکوز میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔
فوکل پرسن ینگ انجینئرنگ کونسل عثمان فاروق کے مطابق سسٹم سے متعدد پاور ہاؤسز کے نکل جانے کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے جن کی 16 اکتوبر تک بحالی متوقع ہے۔ گیس کے بعد ڈیزل اور پانی سے بجلی کی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
عثمان فاروق کے مطابق بجلی کے شارٹ فال کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 3 سے 4 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے جبکہ لیسکو سمیت تمام ڈسکوز میں صورتحال ابتر ہے۔
دوسری جانب لیسکو ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث شارٹ فال ایک ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے نتیجے میں ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو چیف کی جانب سے اضافی بجلی کے کوٹے کی درخواست کے باوجود کوٹا نہیں بڑھایا جا سکا جس سے نظام مزید دباؤ کا شکار ہے۔