معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے، محمد اورنگزیب

image

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور برآمدات کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے، پائیدار اور ذمہ دارانہ معاشی نمو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت کا کردار اہم ہے تاہم معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ مقامی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا تو بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی پالیسی کے مثبت اثرات کے باعث مہنگائی میں کمی آرہی ہے اور معاشی استحکام بنیادی ضرورت ہے۔ پاکستانی کاروباری گروپس کنسورشیم کی صورت میں مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 آئی پی اوز ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال 11 آئی پی اوز کا انعقاد ہوا جو 20 سال کی بلند ترین سطح ہے۔

وزیر خزانہ نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو عالمی موسمیاتی فنڈز سے مزید معاونت درکار ہے۔ موسمیاتی منصوبوں میں خطرات کی نشاندہی اور نگرانی ضروری ہے جبکہ منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US