اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد پہنچ گئے

image

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کا دورہ 6 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔

اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا استقبال کیا۔ انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچے ہیں۔

دورے کے دوران انتونیو گوتریس صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ (یو این ایم او جی آئی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت کریں گے۔

ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی صورتحال، بین الاقوامی امن و سلامتی، کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور پاکستان کے اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں سمیت امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی بات چیت متوقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US