سرکاری حج اسکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط کی وصولی جاری ہے، پہلے روز 14 ہزار 605 عازمین حج نے دوسری قسط کی ادائیگی مکمل کرلی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق 10 ہزار عازمین نے ون لنک کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کی، جبکہ 899 افراد نے بینک کارڈ اور 3 ہزار 612 عازمین نے مینول بینک چالان کے ذریعے واجبات جمع کرائے۔
ترجمان کے مطابق ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کا تناسب 75 فیصد سے تجاوز کرگیا جبکہ دوسری قسط کی مد میں مجموعی طور پر 9.3 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت دوسری قسط جمع کرانے کی حتمی تاریخ 20 اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔ دوسری قسط کی ادائیگی سے قبل عازمین کے لیے حج پورٹل پر میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔