اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی سادگی نے توجہ حاصل کرلی، اپنا سامان خود اٹھائے ایئرپورٹ سے باہر آئے

image

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کی سادگی نے لوگوں کی خاص توجہ حاصل کرلی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں انہیں کسی بڑے پروٹوکول کے بغیر اپنا ٹرالی بیگ خود لے جاتے دیکھا گیا۔

ویڈیو میں انتونیو گوتریس مسکراتے ہوئے اپنا سامان خود سنبھال کر ایئرپورٹ لاؤنج سے باہر نکلتے دکھائی دیتے ہیں۔ دنیا کی ایک بڑی بین الاقوامی تنظیم کے سربراہ کو اس انداز میں دیکھ کر وہاں موجود افراد بھی متاثر ہوئے۔

انتونیو گوتریس دنیا بھر کے صدور، وزرائے اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرتے ہیں، تاہم اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا سادہ انداز ان کے عہدے سے وابستہ روایتی پروٹوکول سے خاصا مختلف نظر آیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستانی صارفین نے بھی ان کے رویے کو سراہا۔ کئی افراد کا کہنا تھا کہ بڑے عہدے پر فائز ہونے کے باوجود اپنا سامان خود اٹھانا سادگی اور انکساری کی اچھی مثال ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے اس منظر کا پاکستان میں رائج پروٹوکول کلچر سے بھی موازنہ کیا، جہاں سرکاری عہدوں اور بااثر شخصیات کے ساتھ بڑے قافلوں اور عملے کی موجودگی اکثر دیکھنے کو ملتی ہے۔

انتونیو گوتریس کے اس مختصر مگر نمایاں عمل نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا کہ کسی عہدے کی اہمیت دکھاوے یا پروٹوکول سے نہیں بلکہ ذمہ داری، رویے اور سادگی سے بھی ظاہر ہوسکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US