وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ڈھائی سال کی محنت اور ٹیم ورک کے نتیجے میں ملکی معیشت کو استحکام ملا، جبکہ میکرو اکنامک استحکام مشکل مراحل سے گزر کر حاصل کیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کامیاب بنانے کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکیں۔ ایک طرف ملک میں ترقی اور خوشحالی کا عمل جاری ہے، دوسری جانب احتجاج کے باعث برآمدات، درآمدات اور مینوفیکچرنگ سمیت معاشی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست کا سب سے پہلا اثر معیشت پر پڑے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے اپیل کی کہ دھرنے ختم کیے جائیں اور ملک کی عالمی ساکھ کو نقصان پہنچانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ اور دھرنے ختم کیے جائیں گے تو حکومت پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔