وزیراعظم کی موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت

image

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں گیس کی طلب، فراہمی اور موسم سرما کے دوران بلاتعطل گیس کی دستیابی کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم نے گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد سے متعلق بھرپور عوامی آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتی شعبے کی ضروریات کے لیے آر ایل این جی استعمال کی جائے گی۔

بریفنگ کے مطابق گھریلو سطح پر مقامی گیس کے متبادل توانائی ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے آگاہی مہم شروع کی جائے گی جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس میں واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کے حوالے سے صارفین کو بینک فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US