خیبر میں موسلادھار بارش، دریائے باڑہ میں نچلے درجے کا سیلاب

image

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ اور جمرود میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم شدید بارش کے نتیجے میں دریائے باڑہ میں نچلے درجے کا سیلاب آگیا۔

بارش کے دوران آسمان پر گہرے بادل چھا جانے سے دن کے وقت بھی اندھیرا چھا گیا، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

دریائے باڑہ میں پانی کی سطح بلند ہونے پر ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ٹیمیں دریا کے قریب شہریوں کو جانے سے روکنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہیں گی۔

دوسری جانب بارش کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے ریجن میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ پیسکو ترجمان کے مطابق مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 83 فیڈرز کی بجلی عارضی طور پر متاثر ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US