بحرین کے وزیر خارجہ 7 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے

image

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی 7 سے 8 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار اور بحرینی وزیر خارجہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون، دفاع و سیکیورٹی، افرادی قوت اور ثقافتی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور بحرین کے وزرائے خارجہ علاقائی و عالمی امور اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان برادرانہ تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور عوامی روابط پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے باقاعدہ روابط اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کو نئی وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US