ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی ترقی کا حق تسلیم، سپریم کورٹ نے محکمہ تعلیم کا حکم کالعدم قرار دے دیا

image

سپریم کورٹ نے ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کی ترقی سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب سروس ٹربیونل اور محکمہ تعلیم پنجاب کا 24 مئی 2023 کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے درخواست گزار محمد شفیق کو ترقی سے متعلق تمام سابقہ مراعات اور فوائد دینے کا حکم بھی جاری کردیا۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز سنیارٹی اور اہلیت کی بنیاد پر 50 فیصد ترقی کے حق دار ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ حکومت کو ملازمین کے معاملات میں بہترین اور مثالی طرز حکمرانی اختیار کرنا چاہیے، جبکہ ترقی اور سنیارٹی سے متعلق ابہام پیدا کرنا گڈ گورننس کے اصولوں کے منافی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ کسی ملازم کو دی گئی ترقی واپس لینا بھی گڈ گورننس کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ قوانین اور قواعد میں موجود ابہام کا نقصان ملازم کو نہیں پہنچایا جاسکتا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار محمد شفیق، جو ایلیمنٹری اسکول ٹیچر تھے، کو بی ایس 16 میں ترقی دی گئی تھی، تاہم محکمہ تعلیم پنجاب نے 24 مئی 2023 کو ان کی ترقی کا حکم واپس لے لیا تھا۔

محکمہ تعلیم نے ترقی واپس لینے کے لیے 2014 کے سروس رولز میں موجود ایک نوٹ کا حوالہ دیا تھا۔ بعد ازاں پنجاب سروس ٹربیونل نے بھی محکمہ تعلیم کے اقدام کو برقرار رکھا، جس کے خلاف محمد شفیق نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

سپریم کورٹ نے معاملے کی سماعت کے بعد محکمہ تعلیم پنجاب اور پنجاب سروس ٹربیونل کے احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست گزار کو ترقی کے تمام سابقہ فوائد اور مراعات دینے کا حکم دے دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US