آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے اور افغانستان سے درپیش دہشت گردی کے معاملات سمیت مسئلہ کشمیر بھی زیر بحث آیا۔ دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی خدمات کو اجاگر کیا۔ آرمی چیف نے امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو سراہتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی خصوصی طور پر تعریف کی۔