خیبر پختونخوا میں اعلیٰ بیوروکریسی کے بڑے پیمانے پر تبادلے، چیف سیکریٹری تبدیل

image

وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ ہی صوبے میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور پولیس سروس آف پاکستان کے افسران کے بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق خیبر پختونخوا کے موجودہ چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ کو فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو صوبے کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اس سے قبل وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن اور وزارتِ قومی صحت میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

نوٹیفکیشنز کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 21 کے افسران اکرام اللہ اور عنبر علی خان، گریڈ 20 کے شاہد اللہ اور سہیل خان جبکہ گریڈ 19 کے شاہ فہد، کیپٹن ریٹائرڈ میاں عادل اقبال، محمد عثمان، کیپٹن ریٹائرڈ سرمد سلیم اکرم اور شفیع اللہ خان کو خیبر پختونخوا سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اسی طرح گریڈ 18 کے افسران کیپٹن ریٹائرڈ زبیر خان، وقار علی، کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان، محمد احتشام الحق اور محمد فہیم کو بھی صوبے سے تبادلے کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے تحت ان افسران کو فوری طور پر نئی تعیناتی کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں رپورٹ کرنا ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US