پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر پشاور کے مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں، جبکہ مردان، بٹ خیلہ، مالاکنڈ اور ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی۔
پشاور میں اسمبلی چوک سے تہکال تک کنٹینرز لگا کر راستہ بند کر دیا گیا ہے۔ خیبر روڈ اور امن چوک پر بھی ٹریفک کی آمدورفت روک دی گئی، جبکہ صدر سواتی پھاٹک سے گلبرگ چوک اور باچا خان چوک سے شیر شاہ سوری پل تک راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب مالاکنڈ، بٹ خیلہ شہر اور گردونواح میں موبائل فون سروس معطل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ مردان میں بھی موبائل سروس بند کر دی گئی ہے۔
راستوں کی بندش اور موبائل سروس کی معطلی کے باعث شہریوں کو نقل و حرکت اور رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔