خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا تکنیکی معائنہ کرانے کا فیصلہ

image

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی ساختی مضبوطی اور طلبہ و اساتذہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں تکنیکی ٹیموں کے ذریعے تفصیلی معائنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ ایلیمنٹری و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کو ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں اہل تکنیکی ٹیمیں نامزد کرکے اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کرایا جائے اور جامع رپورٹس 26 اکتوبر 2026 کو دوپہر 12 بجے تک جمع کرائی جائیں۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق یہ فیصلہ پشاور کی دیر کالونی میں الخیر ایجوکیشن سسٹم کے کلاس روم کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کے بعد کیا گیا، جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ طلبہ اور اساتذہ بھی زخمی ہوئے تھے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ نامزد تکنیکی ٹیمیں متعلقہ ضلعی تعلیمی حکام کے تعاون سے سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیں تاکہ عمارتوں کی ساختی حالت کا تعین کیا جاسکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی ہو۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری اسکولوں میں محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی اور عمارتوں کی مضبوطی سے متعلق مسائل کی نشاندہی کرکے طلبہ اور اساتذہ کو ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US