بسنت 2027 کے پیش نظر اندرون لاہور میں خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کے لیے جاری سروے کے دوران 271 عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے، جبکہ پانچ وارڈز میں تقریباً 10 ہزار عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق لوہاری گیٹ کے علاقے میں سب سے زیادہ 95 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ ٹیکسالی گیٹ میں 57 عمارتیں غیر محفوظ پائی گئیں۔ اسی طرح اکبری گیٹ اور دہلی گیٹ پر مشتمل وارڈ میں 52، بھاٹی گیٹ میں 43 اور یکی گیٹ میں 24 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اندرون لاہور کے مجموعی طور پر نو وارڈز میں تقریباً 22 ہزار عمارتیں موجود ہیں۔ پانچ وارڈز میں سروے مکمل ہونے کے بعد باقی چار وارڈز میں عمارتوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔
بسنت 2027 کے انتظامات کے سلسلے میں خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔