وفاقی وزیر پاور ڈویژن اویس لغاری نے سینیٹ اجلاس میں عابد شیر علی کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ 200 سے ایک یونٹ بڑھ جانے پر 6 ماہ تک اضافی چارجز دینے کے معاملے کو ختم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے، اور اس بات کا بھی امکان ہے کہ اس حد کو 200 سے بڑھا کر 250 یونٹس تک لے جایا جائے۔
اجلاس کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیرف پر بات کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ 200 سے 201 یونٹ ہونے پر ٹیرف 15 سے بڑھ کر 30 روپے فی یونٹ ہو جاتا ہے، جس سے غریب عوام پر شدید بوجھ پڑتا ہے اور 201 یونٹ استعمال کرنے والے شخص کو 400 یونٹ سلیب کا بل ادا کرنا پڑتا ہے۔
اس پر وفاقی وزیر اویس لغاری نے وضاحت کی کہ 200 سے کم یونٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 2 کروڑ تک پہنچ چکی ہے، لیکن اس سلیب میں شامل تمام افراد کو ڈسکاؤنٹ دینا مناسب نہیں کیونکہ ان میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جن کے پاس سولر سسٹم موجود ہے اور اسی وجہ سے ان کے یونٹس کم آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ صرف غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والے صارفین کو ہی ایسی رعایتوں سے مستفید کیا جائے گا۔