چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طبیعت کے حوالے سے صورتحال حوصلہ افزا نہیں، جس پر پوری قوم فکر مند ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی صحت اور زیرِ سماعت مقدمات سے متعلق کچھ ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت بانی پی ٹی آئی کو جیل سے اسپتال منتقل کرکے علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جبکہ ان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا گیا تھا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کی سماعت جلد مقرر کی جائے تاکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، موجودہ سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہونا چاہیے اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور مناسب علاج کے حوالے سے فوری فیصلے کیے جائیں۔
بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی بہنوں کی گرفتاری کا معاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں ہیں اور تاحال ان کے بارے میں کوئی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں، لہٰذا انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔