پاکستان میں 12 صوبے بنانے کی تجویز، 28ویں آئینی ترمیم سے قبل ملک گیر ریفرنڈم کرانے پر غور

image

پاکستان کے موجودہ انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی لانے اور ملک میں صوبوں کی تعداد چار سے بڑھا کر 12 کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت ممکنہ 28ویں آئینی ترمیم سے پہلے ملک گیر ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا کو تین، بلوچستان کو تین جبکہ سندھ کو دو انتظامی صوبوں میں تقسیم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس طرح ملک میں مجموعی طور پر 12 صوبے قائم ہو سکتے ہیں۔

ابتدائی تجاویز میں 2027 کی پہلی ششماہی کے دوران آئینی ترمیم کی جانب پیش رفت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے ابتدائی اقدامات 2027 کی پہلی سہ ماہی میں شروع کیے جانے پر غور ہو رہا ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت آئینی ترمیم کا عمل شروع کرنے سے قبل عوامی رائے جاننے کے لیے ملک گیر ریفرنڈم کرانے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کا مقصد نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر عوامی حمایت اور قومی سطح پر اتفاق رائے حاصل کرنا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ انتظامی تبدیلی کا مقصد کسی موجودہ صوبے کی سیاسی یا انتظامی حیثیت کو کمزور کرنا نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی پیچیدگیوں اور علاقائی ترقی میں عدم توازن جیسے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

تجویز کے حامیوں کے مطابق چھوٹے صوبوں کے قیام سے حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی آسان بنانے، انتظامی جواب دہی بڑھانے اور پسماندہ علاقوں تک ترقیاتی وسائل کی منصفانہ رسائی ممکن ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریفرنڈم کے ذریعے اس اہم معاملے کو سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کے بجائے براہ راست عوامی رائے سے جوڑنے کی کوشش کی جا سکتی ہے، کیونکہ ماضی میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ سیاسی اور علاقائی سطح پر حساسیت کا باعث بنتا رہا ہے۔

تاہم مجوزہ صوبوں کی جغرافیائی حدود، انتظامی ڈھانچے، مالی وسائل کی تقسیم اور اختیارات کی منتقلی سمیت متعدد اہم معاملات پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترامیم، پارلیمانی منظوری اور وسیع سیاسی اتفاق رائے بھی ناگزیر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اس مجوزہ تنظیم نو کا بنیادی مقصد ریاستی نظام کو عوام کے قریب لانا، انتظامی معاملات میں بہتری پیدا کرنا اور ملک کے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، تاہم 12 صوبوں کے قیام سے متعلق تجویز تاحال ابتدائی غور و خوض کے مرحلے میں ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US