جعفر ایکسپریس کی بوگی پٹری سے اتر گئی، بلوچستان میں ٹرین آپریشن معطل

image

راولپنڈی میں آئی جے پی روڈ پر نور اسٹیشن کے قریب جعفر ایکسپریس کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ جارہی تھی کہ نور اسٹیشن کے قریب ٹرین کا آخری پاور پلانٹ کا حصہ ڈی ریل ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ کنٹرول روم سے بھی صورتحال کی نگرانی کی جارہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ٹریک کی بحالی کے لیے کام جاری ہے اور اسے جلد بحال کردیا جائے گا۔

دوسری جانب بلوچستان میں ضروری مرمتی کاموں کے باعث ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق آج کوئٹہ سے پشاور روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس منسوخ کردی گئی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق سریاب اور کچلاک کے درمیان چلنے والی جناح پیپلز ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔ ٹرینوں کی اچانک منسوخی اور روٹس محدود کیے جانے کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم منسوخ ہونے والی ٹرینوں کے مسافروں کو ٹکٹوں کی رقم واپس کردی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US