بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ سے ملاقات کے دوران پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وسیع اپوزیشن اتحاد کا پیغام بھجوایا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں لطیف کھوسہ نے پارلیمانی کمیٹیوں میں واپسی کی رائے دی جسے مسترد کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پارلیمان کے حوالے سے سخت مؤقف اور بائیکاٹ برقرار رہنا چاہیے کیونکہ کسی بھی قسم کے روابط یا تعاون حکومت کو جواز فراہم کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے اپوزیشن رہنماؤں محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے تمام فیصلوں کا اختیار انہی کے پاس برقرار رکھا اور ہدایت کی کہ وسیع اپوزیشن اتحاد کے لیے پی ٹی آئی کے بجائے اپوزیشن قائدین ہی مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کر کے آگے بڑھیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ملاقات میں سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے متعلق شکایت بھی کی گئی جبکہ اہلخانہ کی رہائی اور سیاست میں مداخلت کے معاملے پر مشاورت کے دوران بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ان کے خاندان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور وہ اپنی اہلیہ کی رہائی اور علاج پر رضامند ہیں۔
ذرائع کے بقول بانی پی ٹی آئی نے صوبوں سے متعلق اپنا پرانا مؤقف دہراتے ہوئے 28ویں آئینی ترمیم پر بھی 26ویں اور 27ویں ترمیم جیسا ہی مؤقف اپنانے کا پیغام دیا ہے، جبکہ لطیف کھوسہ آج محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو اس ملاقات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔