کوہاٹ پولیس پر حملہ: ’15 دن پہلے شیراز کی شادی میں شرکت کی اور آج اُس کے جنازے میں اکھٹے ہیں‘

پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کی پولیس اور سرکاری ہسپتال کے سربراہ نے تصدیق کی ہے کہ دربوکچ کے علاقے میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیس ٹیم پر کیے گئے ایک حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

’اسے دولہا بنے ابھی پندرہ دن ہی ہوئے تھے، اس کی چھٹیاں باقی تھیں کہ اچانک فون آیا ’ایمرجنسی ہے چوکی پہنچو‘ اس نے دوستوں کو میسج کیا کہ میری طرف سے سلام، میں جا رہا ہوں۔۔۔ اور یہ اس کا ہمارے لیے آخری سلام تھا اس کے بعد ہمارا رابطہ نہیں ہوا۔‘

سپاہی محمد شیراز کے ماموں زاد بھائی محمد شاہد فون پر جب بی بی سی نیوز اردو سے بات کر رہے تھے تو ان کی آواز بھر آئی۔

محمد شاہد نے بتایا کہ شیراز ہمارا ہم عمر تھا، ہم دوست بھی تھے اور کزن بھی۔ اس کی شادی 27 اکتوبر کو ہوئی تھی اور وہ بہت خوش تھا۔

پاکستان میں صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کی پولیس اور سرکاری ہسپتال کے سربراہ نے تصدیق کی ہے کہ دربوکچ کے علاقے میں شدت پسندوں کی جانب سے پولیس ٹیم پر کیے گئے ایک حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

کوہاٹ پولیس کے ترجمان نعمان زیب نے بی بی سی اُردو کو بتایا کہ مارے جانے والے 10 پولیس اہلکاروں میں ڈی ایس پی رینک کے افسر حیدر زمان بھی شامل ہیں۔

اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی ہے۔ ایک بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے 'بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے' 18 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔

دوسری جانب کوہاٹ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر طاہر کے مطابق اس واقعے کے بعد اُن کے ہسپتال میں 10 اہلکاروں کی لاشیں اور 10 زخمی منتقل کیے گئے ہیں، جن میں سے دو شدید زخمی افراد کو پشاور ریفر کیا گیا ہے جبکہ آٹھ زخمیوں کا علاج کوہاٹ ہسپتال میں کیا جا رہا ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والے پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔

بیان کے مطابق گورنر کنڈی نے ’واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا اور کہا کہ پولیس اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔‘

شدت پسندوں نے ’جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر حملہ کیا‘

خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پولیس ٹیم پر یہ حملہ اُس وقت ہوا جب اہلکار کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کی حدود میں واقع دربوکچ نامی علاقے میں شدت پسندوں اور جرائم پیشہ عناصر کے گٹھ جوڑ سے جاری غیرقانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن میں مصروف تھی۔

ریسکیو 1122 کوہاٹ کے ترجمان جواد آفریدی کے مطابق یہ علاقہ دشوار گزار ہونے کی وجہ سے وہاں تک پہنچنے اور ریسکیو کارروائیوں میں وقت لگا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سونے کی غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کے بعد ’پولیس پارٹی واپس آ رہی تھی‘ کہ اچانک شدت پسندوں نے ’جرائم پیشہ عناصر کے ایما پر‘ حملہ کر دیا۔

خیبر پختونخوا پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد کافی دیر تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے بھی بعدازاں جائے وقوعہ پر پہنچے۔

کوہاٹ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بدھ کے روز پولیس نے دربوکچ میں سونے کی غیرقانونی مائننگ کرنے والے گروہوں کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ اُن کے مطابق کم از کم سات ہلاکتوں کے علاوہ دس پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ آپریشن میں حصہ لینے والے 13 اہلکار بحفاظت واپس پہنچے ہیں۔

پولیس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ صوبے میں شدت پسند عناصر ’اپنے مذموم مقاصد کے لیے جرائم پیشہ مافیاز کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔‘

’کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

پندرہ دن کا دولہا

اس آپریشن کے دوران ہلاک ہونے اہلکاروں میں 23 سالہ نوجوان محمد شیراز بھی شامل تھا۔ اسے پولیس میں بھرتی ہوئے ابھی تین سال ہی ہوئے تھے اور اسے چھٹیوں سے بلا کر آپریشن کے لیے روانہ کر دیا گیا تھا۔

محمد شیراز کے چچا سید باز نے بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ ان کا بھتیجا خاموش طبع لیکن انتہائی خوش اخلاق نوجوان تھا۔ ’اس کی شادی میں سب بہت خوش تھے، وہ اپنے پانچ بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا اور اس کے لیےمکان میں تعمیرات کا کام شروع کیا گیا تھا جس میں شیراز کے لیے الگ کمرہ تعمیر کیا جا رہا تھا۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’میری شیراز سے چار روز پہلے ملاقات ہوئی تھی جب میں پنجاب جا رہا تھا مجھے معلوم نہیں تھا کہ یہ اچانک ڈیوٹی پر چلا جائے گا۔‘

سید باز نے بتایا کہ ’ہمیں اس حادثے کا علم کافی دیر سے ہوا، مجھے علاقے کے ایک دوسرے پولیس اہلکار نے فون پر بتایا کہ ایسا واقعہ ہوا ہے جس میں شیراز کی جان چلی گئی ہے۔ یہ خبر ہمارے لیے بڑا صدمہ تھی۔۔۔ گھر میں سب صدمے کی حالت میں ہیں کہ یہ اچانک کیا ہو گیا ہے۔‘

’شیراز کی دلہن اور ماں بالکل سکتے میں چلی گئیں تھیں۔ انھیں سنبھالنا مشکل ہوگیا تھا۔۔۔‘ انھوں نے بتایا کہ انھیں میت صبح پانچ بجے ملی اور آج جمعرات کو دوپہر تین بجے شیراز کی تدفین کر دی گئی ہے۔

اس علاقے سے تعلق رکھنے والے سوشل ورکر اور سابق کونسل محمد ظفر نے بتایا کہ جنازے میں شریک ہر آنکھ اشک بار تھی کیونکہ چند روز پہلے اہل علاقہ نے ان کی شادی میں شرکت کی تھی اور آج ان کا جنازہ تھا جس میں سب پھر اکٹھے تھے۔

’ہر طرف سے گولیاں، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائر آ رہے تھے‘

’حملہ اتنا اچانک تھا کہ ہمیں کچھ سمجھ نہیں آئی، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے ہم پر فائرنگ ہو رہی تھی اور گولے گر رہے تھے، ایسا لگ رہا تھا کہ پہاڑوں سے چاروں اطراف سے فائرنگ ہو رہی ہے، وہ ایک قیامت کا منظر تھا۔‘

یہ الفاظ اس حملے میں زخمی ہونے والے ایک پولیس اہلکار کے ہیں جنھوں نے اپنے بھائی کو حملے کی تفصیل بتائی ہے۔ زخمی اہلکار خود بات چیت نہیں کر پا رہے تھے۔ ان کی دیکھ بھال کے لیے موجود ان کے بھائی بھی پولیس میں ملازمت کرتے ہیں۔

انھوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بی بی سی نیوز اردو کو بتایا کہ میرے بھائی کو ٹانگ پر دو گولیاں لگی ہیں ’ان کی ٹانگ کی ہڈی تو بچ گئی ہے لیکن پنڈلی کا گوشت بہت خراب ہو گیا ہے۔ ڈاکٹروں نے آپریشن کیا اور اب تک انستھیزیا کے زیرِ اثر ہیں۔‘

پولیس اہلکار کے مطابق ان کے بھائی نے انھیں بتایا کہ یہ حملہ اتنا اچانک ہوا کہ انھیں اس کی توقع نہیں تھی، ’حملہ آوروں نے گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی جس سے کچھ اہلکار، جو ہلاک ہو چکے تھے، وہ بھی متاثر ہوئے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’بھائی کہہ رہے تھے کہ ایسی صورتحال تھی کہ ہر طرف سے گولیاں، ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے فائر آ رہے تھے، کچھ سمجھ نہیں آ رہی تھی۔۔۔ وہ آوازیں بہت خوفناک تھیں۔‘

کوہاٹ حملہ
Getty Images
وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے 'بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے' 18 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے

’حملے کا علم سوشل میڈیا سے ہوا‘

اس حملے میں عظمت علی حوالد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان کے بھائی رحمت علی نے بتایا کہ عظمت اپنی پروفیشنل ڈیوٹی کا ذکر بہت کم کرتا تھا، ’وہ ہمیں نہیں بتاتا تھا کہ اس کی ڈیوٹی کیسی ہے، کیا آپریشن ہو رہے ہیں، کہاں ڈیوٹی ہوتی ہے۔۔۔ بس جب عظمت جب ڈیوٹی سے گھر آتے تو بھائی بیٹھ کر گھر کی باتیں اور گپ شپ کرتے تھے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ان کے والدین فوت ہو چکے ہیں اور اس حملے کا علم انھیں سوشل میڈیا سے ہوا۔

’علاقے میں بھی بات پھیل گئی تھی کہ آپریشن ہو رہا ہے، عظمت کی اہلیہ اور بچے اور ہم سب دعائیں کر رہے تھے کہ اللہ رحم کرے مگر پھر اچانک اطلاع آئی کہ عظمت علی نہیں رہے۔‘

’حیدر زمان سپاہی کے طور پر بھرتی ہو کر ڈی ایس پی کے عہدے تک پہنچے تھے‘

ڈی ایس پی حیدر زمان ان 10 پولیس اہلکاروں میں شامل ہیں جو بدھ کی شب کوہاٹ میں مسلح افراد کے ساتھ جھڑپ میں جان کی بازی ہار گئے۔

حیدر زمان کے ایک رشتہ دار اور ان کے ساتھ پولیس میں بھرتی ہونے والے افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ ’ایماندار افسر‘ ہونے کے ساتھ ساتھ ’خوش گفتار‘ بھی تھے۔ وہ پولیس میں بطور سپاہی بھرتی ہوئے تھے اور ڈی ایس پی کے عہدے تک پہنچے تھے۔

ان کا تعلق خیبر پختونخوا کے شمالی علاقے لوئر دیر کے علاقے تالاش سے تھا۔ ان کے خالہ زاد بھائی اور سینیئر صحافی حلیم اسد نے بتایا کہ حیدر زمان 1987 میں پولیس کے محکمے میں ایک سپاہی کے طور پر بھرتی ہوئے تھے۔ ’وہ میرے کزن بھی تھے اور میرے دوست بھی تھے۔ ہم پانچ دوست پارٹیاں بھی کرتے، پکنک پر بھی جاتے اور ویسے بھی گاؤں میں کھیلوں اور مختلف تقریبات میں شریک رہتے تھے۔‘

حلیم اسد نے بتایا کہ حیدر زمان کو پارٹیوں اور پکنک کا شوق تھا۔ وہ دوستوں کی محفل میں بیٹھے ہوتے تو ایسا نہیں لگتا تھا کہ وہ ایک پولیس افسر ہیں، لیکن جب وردی میں اپنی ڈیوٹی پر ہوتے تو ایسا نہیں لگتا تھا کہ وہی حیدر زمان ہیں جو پہلے سادہ کپڑوں میں ہنسی مذاق اور قہقہے لگا رہے تھے۔

حلیم اسد نے بتایا کہ حیدر زمان کی چار بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں۔ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شادی شدہ ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ابھی دو ہفتے پہلے گاؤں میں ایک شادی کی تقریب کے لیے حیدر زمان گاؤں آئے ہوئے تھے۔ ’معلوم نہیں تھا کہ یہ ان کے ساتھ ہماری آخری ملاقات ہے۔‘

حیدر زمان کے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس خان نذر نے بتایا کہ وہ اور حیدر زمان پولیس میں ایک ساتھ بھرتی ہوئے، ایک ساتھ محکمانہ اور دیگر امتحانات دیے اور پاس کیے، پھر ایک ساتھ ہماری ترقی بھی ہوئی۔ ’ہم 2012 میں اے ایس آئی اور پھر 2015 میں انسپکٹر کے عہدے پر پہنچے تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سپاہی بھرتی ہوئے اور 2024-25 میں ہم دونوں 17 ویں گریڈ میں ڈی ایس پی کے عہدے تک پہنچ گئے تھے۔ حیدر زمان 2024-25 میں ہری پور میں تعینات تھے۔ جب ان کی ترقی ہوئی اور وہ ڈی ایس پی کے عہدے پر پہنچ گئے تو ان کا تبادلہ کوہاٹ کر دیا گیا تھا۔

’وہاں ان کی پہلی تعیناتی درہ آدم خیل میں تھی۔ اس کے بعد انھیں گمبٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔‘

خان نذر نے بتایا کہ حیدر زمان نے زیادہ وقت ایلیٹ فورس میں گزارا ہے اور ایبٹ آباد میں بھی وہ ایلیٹ فورس میں تعینات رہے تھے۔

حیدر زمان کی نماز جنازہ جمعرات کی دوپہر ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائے گی۔

پلیسر گولڈ اور گولڈ مائینگ

خیبر پختونخوا میں دریائے سندھ کے کنارے پلیسر گولڈ یا گولڈ مائننگ مختلف علاقوں میں کی جاری ہے۔

پاکستان میں پلیسر گولڈ (Placer Gold) یعنی دریاؤں کی ریت، بجری اور تلچھٹ سے حاصل ہونے والا سونا مختلف علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی تحقیقات کے مطابق اس کے آثار دریائے سندھ، گلگت، ہنزہ اور چترال کے دریائی علاقوں میں ملے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں چاغی کا ریکوڈک اور سیندک کا علاقہ بنیادی طور پر سونے اور تانبے کے معدنی ذخائر کے لیے معروف ہے، تاہم یہ پلیسر گولڈ سے مختلف قسم کی معدنیات ہیں۔

قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی سرکاری معلومات کے مطابق خیبر پختونخوا میں دریائے سندھ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، بٹگرام اور کوہستان میں سونے کے آثار رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں محکمہ معدنیات اور یونیورسٹی آف پشاور کی تحقیقی معلومات کے مطابق دریائے سندھ کے کنارے غازی، ہنڈ، بیکا، اللہ ڈھر اور کنڈ کے علاقوں میں پلیسر گولڈ کے ذخائر کے امکانات سامنے آئے ہیں، جبکہ نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، کرک، کوہاٹ اور ٹانک کے بعض علاقوں میں بھی سونے کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔

پشاور یونیورسٹی کے جیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر لیاقت علی نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ ان کی تحقیق میں دریائے سندھ کے مختلف مقامات سے سونے کے ذرات کی موجودگی کے آثار ضرور ملے ہیں لیکن ان کی مقدار بہت زیادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کہیں انتہائی کم اور کہیں درمیانے درجے کے زرات ملے ہیں اور بعض مقامات پر کچھ بھی نہیں ملا۔

اکتوبر 2024 میں صوبائی حکومت نے دریائے سندھ کے چار گولڈ مائننگ بلاکس کی دس سالہ لیز نیلام کی، جن کی مجموعی کامیاب بولی تقریباً چار ارب بانوے کروڑ اکہتر لاکھ روپے تھی۔ ان میں بلاک اے کی بولی ایک ارب پچیس کروڑ روپے، بلاک بی کی ایک ارب چھبیس کروڑ دس لاکھ روپے، بلاک سی کی ایک ارب تیس کروڑ پچاس لاکھ روپے، جبکہ بلاک ڈی کی بولی ایک ارب گیارہ کروڑ گیارہ لاکھ روپے تھی۔ یہ ٹھیکے بالترتیب گلوبل کور، میجکو، ہمالیہ ارتھ ایکسپلوریشن اور شکردرہ منرلز نے حاصل کیے تھے لیکن اس بارے میں کوئی باقاعدہ معلومات نہیں ملیں اور نہ ہی سرکاری طور پر یہ معلوم کیا جا سکا ہے کہ یہاں کتنی مقدار میں سونا پایا جاتا ہے۔

دربوکچ کہاں واقع ہے؟

کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے گردونواح میں متعدد دیہات اور آبادیاں موجود ہیں، جبکہ یہاں مقامی سطح پر بازار، تعلیمی ادارے اور دیگر بنیادی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔

دربوکچ نامی جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا وہ ایک دور افتادہ گاؤں ہے جو گمبٹ تحصیل سے لگ بھگ 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں جانے کے لیے پختہ سڑک کی سہولت بھی موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے کوہاٹ شہر سے اس گاؤں تک جانے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق دربوکچ، خوشحال گڑھ اور شکردرہ کے درمیان واقع ہے، یہ ایک لمبی پٹی ہے جو دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ چلتی ہے اور اس علاقے میں دریا کے کنارے سونے کی تلاش کا کام کیا جاتا ہے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ دریا کے کناروں سے سونا تلاش کرنے کے معاملے پر اس علاقے میں پہلے بھی مقامی گروہوں کے درمیان لڑائیوں کے واقعات پیش آ چکے ہیں جبکہ متعدد مواقع پر ان مقامات پر پولیس کے چھاپے بھی پڑ چکے ہیں۔

BBC World Service کی نئی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US