وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوہاٹ کے علاقے دارہ بکاخ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے میں خیبر پختونخوا پولیس کے 10 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم نے دہشتگردوں کا جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) حیدر زمان سمیت تمام پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے فرض شناسی اور شجاعت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے جانیں قربان کرنے والے یہ اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کارروائی کے دوران 18 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر خیبر پختونخوا پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ملک میں بدامنی پھیلانے کی ایک مذموم سازش ہے، تاہم ایسے عناصر کو ان کے ناپاک مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس کی بے مثال قربانیاں لائقِ تحسین ہیں جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک کے امن و استحکام پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔