آصف علی زرداری کا فلسطینی صدر محمود عباس کو خط، یوم آزادی کی 38ویں سالگرہ پر مبارکباد

image

صدر مملکت آصف علی زرداری نے فلسطین کے صدر محمود عباس کے نام خط میں ریاست فلسطین کے اعلانِ آزادی کی 38ویں سالگرہ پر انہیں اور فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں فلسطینی عوام کے جائز حقوق، خصوصاً حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کو انتہائی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے آزاد، خودمختار، قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف کو دہرایا۔

صدر مملکت نے فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات اور مصائب پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی، پائیدار امن اور باوقار مستقبل کی خواہشات کی حمایت جاری رکھے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US